مساجد،خانقاہیںاور دَرگاہ ہمیںاپنے مال و جان سے زیادہ عزیزہیں۔ ان کی بے حرمتی ایک خطرناک سازش ۵ اگست کے روز سمینار منعقد یاسین ملک
سری نگرہماری مساجد،خانقاہیںاور دَرگاہ ہمیںاپنے مال و جان سے زیادہ عزیز ہیں۔ ان کی بے حرمتی اور ان پر ہورہے حملے ہماری ملت مظلوم کے خلاف ایک خطرناک سازش ہیں جس کے خلاف اس قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی مانند ہونا پڑے گا۔ ان باتوں کااظہار جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے آج اوہنہ گام بیروہ میں منعقدہ ایک احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یاسین صاحب ایک وفد کے ہمراہ آج اوہنہ گام گئے جہاں مسلمانوں کی ایک اور مقدس مسجد آگ کے ایک پُراسرار واقعے میں خاکستر ہوگئی ہے۔ یاسین صاحب نے اس موقع پر کہا کہ پچھلے قریب ۲ ماہ کے اندر اندر یہ ساتواں واقعہ ہے کہ جب ہماری عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ کون سے پُراسرار اور پوشیدہ ہاتھ ہیں اور ان مکروہ ہاتھوں کے پیچھے کیا مذموم مقاصد کافرما ہیں یہ ہنوز صیغہ راز میں ہی ہے۔ بظاہر ان مذموم کاوشوں کا مقصد یہاں کے مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کرکے اس ملت مظلوم کا شیرازہ بکھیرنا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہاں کے مسلمانوں کو مسلک کے نام پر تقسیم در تقسیم کرنے،انہیں ایک دوسرے کی مساجد اور خانقاہوں پر حملہ آور ہونے پر اکسانے،اور پھر ایک دوسرے کے گھروں اور محلوں پر دَھاوا بول کربڑے پیمانے پر فساد برپا کرنے کے پوشیدہ مقصد کے ساتھ یہ کاروائیاں منظم اور بھرپور انداز میں کی جارہی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ آپسی فساد برپا کرکے یہاں کے لوگوں کو اپنی جدوجہد سے باز رکھنے اور حق کی آواز کو دبانے کی بھی سعی مقصود ہے۔ یاسین صاحب نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم ہے کہ یہاں کے علماء،دانشور،دینی جماعتیں،مشائخ اور معتبر اس مذموم سازش کی شدّت و حرارت کو محسوس کرتے بھی ہیں کہ نہیں؟ سچ یہ ہے کہ یہ سازش یہاں رچی جانے والی سب سے بڑی سازش ہوگی جس کی زد میں یہاں کا ہر خاس اور عام آکر رہے گا۔یاسین صاحب نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہماری سوسائیٹی کے سارے معتبر خواتین و حضرات،ہمارے دینی علمائ،مشائخ اور دانشور،ہماری سول سوسائٹی،ہمارا پریس اور میڈیا، اور ہماری جملہ آزادی پسند جماعتیں اس سازش کو بے نقاب کرنے اور اس کے پیچھے کارفرما ایجنسیوں اور افراد کو بے نقاب کرنے اور انہیں قرار واقعی اور عبرتناک سزا دلانے کےلئے یک جھٹ ہوجائیں۔ ہمیں مسلک اور مذہب کی تمیز سے بالاتر ہوکر اس کڑے وقت پر مِل بیٹھ کر اس سازش کو ناکام بنانا ہوگا ور ہمیںنا ہی اللہ معاف کرے گا اور نا ہی اُس کے پیغمبر ﷺ کی شفاعت نصیب ہوگی۔ یاسین صاحب نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اس صورت حال میں اپنی ملی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی۔ اس سلسلے میں اتوار مورخہ۵ اگست ۲۰۱۲ءکو فرنٹ ایک سمینار منعقد کرے گی جس میں دینی جماعتوں کے سربراہاں،سول سوسائیٹی کے اراکین، سیاسی قائدین،علماءاور دانشوروں کو مدعو کیا جائے گا۔ سمینار میں اس صورت حال کی سنگینی اور اس کو روکنے کے سلسلے میں تعمیری کاوشیں کرنے جیسے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیالات ہوگا اور ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔یاسین صاحب نے کہا کہ جہاں ایک طرف مساجد اور خانقاہوں پر ہورہے حملوں نے ہمارے سکھ چین کو غارت کررکھا ہے،وہیں پر ان حملوں کے بعد جملہ کشمیریوں کی مسلک سے بالاتر ہوکر آپسی اتحاد بنائے رکھنے اور ان مذموم حملوں کی یک زبان ہوکر مذمت کرنے کے رویے نے ہمارے حوصلوں کو نئی امید اور جلاءبخشی ہے۔یاسین صاحب نے کہا کہ آج بھی اسی مسلکی رواداری اور اِسلامی اخوت کا مظاہرہ اوہنہ گام میں ہورہا ہے جہاں مسلمان اپنے اپنے مسلک کی تمیز کو فراموش کرکے اس مسجد کی آتش زنی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔یاسین صاحب نے مسلمانان جموں کشمیر کو اس مثالی اتحاد و اخوت کےلئے دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ یہی اتحاد و اتفاق اور مسلکی رواداری کا جذبہ ہمیں دشمنوں کے خلاف فتح یابی عطا کرے گا اور اسی مثبت رویے سے ہم اس ملت کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دینے والوں کے خلاف سینہ سپر ہوسکیں گے۔یاسین صاحب کے ہمراہ اوہنہ گام جانے والوں میں فرنٹ قائدین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ،نور محمد کلوال،شوکت احمد بخشی،شیخ عبدالرشید، امتیاز احمد بٹہ ،سراج الدین میر،محمد صدیق شاہ، نذیر احمد شیخ،شیخ محمد اسلم، پروفیسر جاوید،صدر ضلع بڈگام گلزار احمد پہلوان،غلام رسول ہزاری،نور محمد کاٹجو،محمد حنیف،محمد رمضان،عبدالرشید پیراور عبدالغفار صوفی وغیرہ بھی تھے۔
Comments
Post a Comment